منگلورو 9/اگست (ایس او نیوز)منگلورو بنگلورو ہائی وے پر اپن انگڈی کے قریب ایک بھرا ہوا HPCL کاگیس ٹینکر الٹ گیا اور اس سے گیس خارج ہونے لگی تو عوام میں دہشت پھیل گئی۔
اطلاع کے مطابق گیس سے بھرا ہوایہ بُلیٹ ٹینکر منگلورو سے بنگلورو کی طرف جارہا تھا۔کسی وجہ سے ڈرائیور نے جب ٹینکر کو بریک لگائے تو وہ الٹ گیا اورحادثے کے نتیجے میں اس کی بُلیٹ ٹینک ٹوٹ کر کمار دھارا ندی میں گر گئی،جبکہ اس کاانجن کا حصہ بیچ سڑک پر ہی رہ گیا۔چونکہ یہ حادثہ اسکول کے قریب پیش آیا تھا اور اس ٹینکر سے گیس کا اخراج ہورہا تھا تو سنگین نتائج کا اندازہ لگاتے ہوئے عوام میں خوف کی لہر دوڑ جانا فطری بات تھی۔ مگر موقع پر فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچ گیا اورتما م احتیاطی تدابیر اختیارکی گئی۔ پولیس نے عارضی طور پر ہائی وے کو بلاک کردیا۔ جس سے ہائی وے پر ٹریفک جام ہوگیا۔ پورے علاقے میں بجلی کا کنکشن بھی منقطع کردیا گیا۔
پتور کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریشیانت نے عوام سے درخواست کی کہ ندی میں گرے ہوئے ٹینک سے گیس خارج ہوئی ہے اس لئے آئندہ سات آٹھ گھنٹوں تک ندی کا پانی استعمال نہ کیا جائے۔اس کے علاوہ پتور میونسپالٹی سے کہا گیا ہے کہ اگلے احکامات ملنے تک ندی سے پانی کو پمپ کرکے نہ نکالا جائے۔